ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مدھیہ پردیش: کانگریس کے صدر کا عہدہ سنبھالنے بھوپال پہنچے کمل ناتھ،زور دار استقبال

مدھیہ پردیش: کانگریس کے صدر کا عہدہ سنبھالنے بھوپال پہنچے کمل ناتھ،زور دار استقبال

Wed, 02 May 2018 12:45:05    S.O. News Service

بھوپال، یکم مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) مدھیہ پردیش کانگریس کے نئے مقرر صدر کمل ناتھ کا آج پردیش کی راجدھانی بھوپال کے راجابھوج ہوائی اڈے پر زوردار استقبال کیا گیا۔اس سال کے آخر میں مدھیہ پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پارٹی اعلی کمان نے ریاستی کانگریس میں نئی جان پھونکنے کے لئے 26اپریل کو انہیں ریاستی صدر بنایا ہے۔کمل ناتھ آج سے ریاستی کانگریس کا عہدہ سنبھالیں گے۔ریاست کے چھندواڑا لوک سبھا سیٹ سے نویں بار ایم پی رہے کمل ناتھ ریاست کی کمان ملنے کے بعد پہلی بار بھوپال آئے ہیں۔ہوائی اڈے سے کمل ناتھ نے پھولوں سے لیس رتھ میں کھڑے ہو کر روڈ شو شروع کیا، جو آہستہ آہستہ یہاں ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر ’اندرا بھون ‘کی جانب بڑھا۔ہوائی اڈے سے ’اندرابھون ‘کا فاصلے تقریبا 15 کلومیٹرکا ہے۔کمل ناتھ کے ساتھ اس رتھ میں مدھیہ پردیش کانگریس انتخابی مہم کمیٹی کے صدر جیوتی رادتیہ سندھیا، مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی اور عظیم پارٹی لیڈر دگ وجے سنگھ اور سابق مرکزی وزیر سریش پچوری سمیت کئی سینئر پارٹی لیڈر کھڑے تھے۔ان کی یہ ریلی شام تک اندرا بھون پہنچے گی، جس کے بعد وہ ریاستی کانگریس صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔روڈ شو کے دوران صوبہ بھر سے آئے ہزاروں کانگریس کارکن اور ان کے حامی ہاتھوں میں پارٹی کا پرچم لئے ہوئے سڑک کے دونوں اطراف پر کھڑے ہو کر ان کا استقبال کرتے ہوئے نظر آئے۔کانگریس کے کارکن 41ڈگری سے زیادہ درجہ حرارت والی گرمی میں ڈھول اورتاشوں کے ساتھ ان کا استقبال کر رہے تھے۔کمل ناتھ اور جیوتی رادتیہ سندھیا کی ایک جھلک حاصل کرنے کے لئے ان کے حامی ایک دوسرے کو دھکا دے رہے تھے۔روڈ شو کی وجہ سے آج یہاں زیادہ تر علاقوں میں ٹریفک نظام مکمل طور پر درہم برہم رہا ہے، جس سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


Share: